لکھنو(یواین پی)بھارتی ریاست اتر پردیش میں شدید بارش سے مختلف اضلاع میں سیلاب نے تباہی مچا دی۔اتر پردیش کے ضلع جھانسی اور للت پور میں اچانک سیلاب آنے سے درجنوں افراد پانی میں محصور ہو کر رہ گئے جنہیں فضائیہ کی امدادی ٹیموں نے بچایا۔ٹی وی کے مطابق ریاست کے کمشنرراحت رسانی سنجے کمار نے بتایا کہ للت پور کی تحصیل تال بیہٹ کے گاوں میں موسلادھار بارش کی وجہ سے پورا گاوں سیلاب میں گھر گیا، وہاں6افراد پانی میں پھنس کر رہ گئے تھے، جنہیں فضائیہ کی ٹیم نے ہیلی کاپٹر کی مدد سے محفوظ مقام پر منتقل کیا۔کمار نے بتایا کہ ضلع جھانی کی تحصیل گروٹھا میں دریائے بتوا میں پھنسے 9ماہی گیروں کو فضائیہ کی ٹیموں نے موت کے منہ سے بچایا۔امداد و راحت رسانی کے دفتر سے موصولہ اطلاع کے مطابق ریاست میں اس طوفانی بارش سے سیسیتا پور میں 3،امیٹھی اور اوریا میں 2،2، لکھیم پور کھیری ، رائے بریلی اور اناو میں ایک ایک شخص ہلاک ہوا جبکہ 12افراد شدید زخمی ہوئے۔ علاوہ ازیں 461مکان زمین بوس ہوئے۔رپورٹ کے مطابق شاہجہاں پور کے کانٹھ میں بجلی گرنے سے 4بچوں سمیت 6افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ 4بری طرح زخمی ہوگئے۔ڈی ایم امرت ترپاٹھی نے بتایا کہ پولیس اور امدادی ٹیموں کو جائے وقوعہ پر بھیج دیا گیا۔ مرنیوالوں کے لواحقین کو فی کس 4لاکھ روپے معاوضہ دیا جائیگا۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق ریاست کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ آئندہ 24گھنٹے تک جاری رہے گا۔ ریاست کی مختلف ندیوں اور دریاوں میں سطح آب خطرے کے نشان سے اوپر ہوگئی ہے ۔نشیبی علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرانے کی کارروائیاں جاری ہیں۔