بیجنگ (یواین پی):چینی صدر شی جن پنگ نے نو منتخب صدر عارف علوی کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین پاک تعلقات کی اسٹریٹجک اہمیت مزید نمایاں ہوگئی ٗ دونوں ممالک کو ایک دوسرے کی مزید مضبوط طور پر حمایت کرنی چاہئے ۔چینی میڈیا کے مطابق چین کے صدر مملکت شی جن پنگ نے نو منتخب پاکستانی صدر عارف علوی کے نام ایک تہنیتی پیغام میں انہیں پاکستان کے نئے صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔چینی صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ چین اور پاکستان اچھے پڑوسی ،اچھے دوست اور اچھے بھائی ہیں۔دونوں ممالک کی دوستی بین الاقوامی صورتحال کی تبدیلیوں کی آزمائشوں سے گزری ہے اور بدستور مضبوطی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ چینی صدر نے کہا کہ انہوں نے دو ہزار پندرہ میں پاکستان کا دورہ کیا تھا اور اس موقع پر دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کو چاروں موسموں کے اسٹیٹجک تعاون کے شراکت دارانہ تعلقات تک بڑھانے کا فیصلہ کیاتھا ۔ شی نے کہا کہ حالیہ برسوں میں دونوں فریقین کی مشترکہ کوششوں کے تحت دونوں ممالک کا سیاسی باہمی اعتماد مزید مضبوط ہو رہا ہے اورچین پاک اقتصادی راہداری کی تعمیر کے نمایاں ثمرات حاصل ہوئے ہیں جس سے نہ صرف دونوں ممالک اور عام کو خوشحالی ملی ہے بلکہ علاقائی امن و ترقی کے لیے بھی مثبت کردار ادا کیا گیا ہے۔ شی جن پنگ نے نشاندہی کی کہ موجودہ صورتحال میں چین -پاک تعلقات کی اسٹریٹجک اہمیت مزید نمایاں ہوگئی ہے اور دونوں ممالک کو ایک دوسرے کی مزید مضبوط طور پر حمایت کرنی چاہیے اور مزید گہرائی کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔چینی صدر نے کہا کہ وہ چین-پاک تعلقات کی ترقی کو بڑی اہمیت دیتے ہیں اور پاکستانی صدر کے ساتھ ملکر چین اور پاکستان کے مابین چاروں موسموں کے اسٹریٹجک تعاون کے شراکت دارانہ تعلقات کو نئی بلندی تک پہنچانے کے خواہاں ہیں تاکہ مزید قریبی چین پاک ہم نصیب معاشرے کی تشکیل دی جاسکے۔