پودینہ کے بے شمار کرشماتی طبی فوائد

Published on September 6, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 414)      No Comments

رابعہ شیخ

قدرت نے جڑی بوٹیوں،پھلوں اور سبزیوں میں بے شمار بیماریوں کا علاج پوشیدہ رکھاہے ۔ یہی وجہ ہے کہ ہم ان دنوں مختلف اقسام کی جڑی بوٹیوں، سبزیوں یا پھلوں کی افادیت پر زیادہ زور دیتےنظر آتے ہے، جس کا مقصد قارئین کو ان میں چھپےصحت کے رازوں سےآگاہی فراہم کرنا ہے۔ عام طور پرپودینے کو کھانوں میں سجاوٹ، چٹنی کی لذت بڑھانے یا پھر قہوہ کے مزے لینےکے لیے استعمال کیا جاتا ہےلیکن بظاہر یہ عام سی سبزی اپنے اندر صحت کے بے شمار خزانے لیے ہوئے ہے۔ 

اگر ہم اس سستی ترین سبزی کی افادیت جان لیں تو ہر چھینک پر ڈاکٹر کے پاس بھاگنا یا اسے یاد کرنا بھول جائیں۔ اس بات میں کوئی دو رائے نہیں کہ پودینے کے بغیر کھانوں کی تیاری ادھوری سی رہتی ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ صحت مند انسانی جسم کے لیے یہ عام سے پتےکتنے ضروری ہیں؟ آئیے جانتے ہیں کیسے۔ 

غذائیت میں بھرپور

ہم روزمرہ معمولات میں پودینہ زیادہ مقدار میں استعمال نہیں کرتے۔ اس کی تھوڑی سی مقدار ہی کھانوں کو لذیذ بنانے یا غذا کا مزہ دوبالا کرنے کے لیے کافی ہوتی ہے۔ پودینے کی یہ تھوڑی سی مقدار بھی غذائیت سے بھرپور ہوتی ہے مثلاًتین چوتھائی کپ پودینے کی مقدار میں 6کیلوریز، ایک گرام فائبر، 12 فیصد وٹامن اے، 9فیصدآئرن، 4فیصد فولک ایسڈ اور 8فیصد میگنیزجیسے غذائیت والے اجزاء ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ غذائیت سے بھرپور پودینے کی تھوڑی سی مقدار ہی استعمال کی جاتی ہے، دوسری جڑی بوٹیوں اور مسالوں کے مقابلوں میں پودینہ اینٹی آکسیڈنٹ کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔ پودینے میں موجود ریشہ کولیسٹرول لیول کو کم کرتا جبکہ میگنیشیم ہڈیوں کو طاقت دیتا ہے۔

ڈائٹنگ میں مفید

پودینہ کوسلاد ،اسموتھی، حتیٰ کہ پانی میں ملاکر پینے سےوزن میں کمی لائی جاسکتی ہے۔ پودینے کے پتوں کی چائے کو ڈائٹ روٹین میں شامل کرکے بہترین نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ پودینہ انسانی نظام ہاضمہ کے لیےبہترین ہے۔ یہ ہاضمے کے ایسے انزائم متحرک کرتا ہے جو غذاؤں میں موجود اجزاء کو بہتر طریقے سے جذب کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ جب جسم ان اجزاء کو مناسب طریقے سے جذب کرتا ہے تو میٹابولزم بہتر ہوتا ہے۔ پودینہ کا مسلسل استعمال پیٹ کی اضافی چکنائی اور چربی پگھلانے کے لیے مفید سمجھا جاتا ہے، جس سے وزن کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔

بہترین کلینزر،جلدی امراض سے نجات

پودینے کے عرق کو مینتھول کہتے ہیں، جو بناؤ سنگھار کی مصنوعات اور خاص طور پر مختلف کریمز بنانے کے کام آتا ہے۔ پودینے کے عرق کو بہترین کلینزر تسلیم کیا جاتا ہے، یہ انسانی جلد کے لیے بہترین ہے۔ اس کے استعمال سے چہرہ شاداب اور تمام جلدی بیماریاں مثلاً خارش اور چہرے کے کیل مہاسے ختم ہوجاتے ہیں۔ اگر آپ کی جلد بھی کیل مہاسوں کا شکار ہے توپودینے کے پتوں کو پیس کراس میںتھوڑی سی مقدار شہد کی ملائیں اور اسے جِلد پر لگا کر 20منٹ کے لیے چھوڑ دیں، اس کے بعد گرم پانی سے دھولیں۔

نظام تنفس کے لیے بہترین

پودینہ عمل تنفس سے متعلق تمام خرابیوں مثلاً سینے کی جکڑ، حلق اور پھیپھڑے کے انفکیشن کو دور کردیتا ہے۔ صرف یہی نہیں بلکہ پودینہ کا روزانہ استعمال دمے کے مریضوں کے لیے بھی نہایت کار آمد ہے۔ ادویات میں بھی پودینہ کا استعمال کیا جاتا ہے۔سانس لینے میں دشواری، نزلہ و زکام یا سردی لگنے کی صورت میں پودینہ کا استعمال کیا جاسکتا ہے ۔

پیٹ کے مسائل

پودینا درد دور کرنے کی بہترین دوا ہے۔ متلی اور پیٹ کے درد کی صورت میں اس کا استعمال سود مند ثابت ہوتا ہے۔ پیٹ میں درد ہونے یا متلی کی صورت میں پودینے کے چند پتے کھانے کا مشورہ دیا جاتا ہےجبکہ معدے کے درد میں اس کے پتوں کی چائے پینابے حد فائدہ مند ہوتی ہے۔ بدہضمی ، ڈکارکی کثرت،گیس یا منہ کی بدبو دور کرنے کے لیے یہ بہترین چیز ہے۔

سردرد اور دماغی صحت کیلئے مفید

بھاگتی دوڑتی زندگی اور بے تحاشا مصروفیات کے سبب سر درد ایک عام سامرض تصور کیا جاتا ہے۔ سردردکی صورت میں چند قطرے پودینے کے تیل سے پیشانی پر مالش کیجیے،15منٹ کے دوران دردکی شدت میں کمی آجائے گی۔ صرف یہی نہیں، اس مہکتی جڑی بوٹی کا استعمال چوکنا پن اور دماغی افعال کو بہتر کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق پودینے کا استعمال یاداشت میں بھی بہتری لاتاہے۔

بلڈ پریشر کنٹرول

پودینے کے ذریعے بلڈ پریشر کو بھی کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔ بلڈپریشر کے مریضوں کے لیے پودینے اور لہسن کی چٹنی کھانامفید ہے جبکہ پودینے کا جوشاندہ بنا کر پینے سے بھی بلڈپریشر کو کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔

پرسکون نیند

پرسکون نیند کے لیے پودینےکو بڑی اہمیت دی جاتی ہے۔ اگر آپ بھی نیند کی کمی کا شکار ہیں تو اس کا استعمال سود مند ثابت ہوسکتا ہے۔

سانس کی بدبو سے نجات

پودینہ منہ کی بدبو کو ختم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ لہسن، پیاز اور اس قبیل کی دوسری اشیا کھانے سے منہ میں پیدا ہونے والی بو کو ختم کرنے میں پودینہ اہم کردار ادا کرتا ہے۔پودینے کےتیل کو ایک اچھے ماؤتھ واش کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ یہ قدرتی طور پر سانسوں کو مہکاتا ہے جبکہ کیویٹیز کو کم کرتا ہے، اس تیل کا ایک قطرہ زبان پر ٹپکائیں اور بدبو سے نجات پائیں۔

بشکریہ جنگ ویب 

Readers Comments (0)




Weboy

Premium WordPress Themes