برمنگھم (یواین پی)پاکستانی نژاد باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ وہ اپنی اس کامیابی پر بہت خوش ہیں، سیموئیل ورگاس اچھا فائٹر ہے، فائٹ سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ۔ فائٹ میں کامیابی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ بلاشبہ سیموئل ورگاس ایک اچھا باکسر اور فائٹر ہے۔عامر خان نے کہا کہ فائٹ کے دوران انہوں نے اپنی تمام تر توجہ فائٹ پر مرکوز رکھی اور مکوں کا استعمال ٹھیک وقت پر کرتے ہوئے کامیابی اپنے نام کی۔ اس موقع پر اہل خانہ نے بھی عامر خان کی فتح پر خوشی کا اظہار کیا، ان کی والدہ فلک خان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بیٹے کی کامیابی پر بہت خوش ہیں جبکہ بہن ماریہ خان نے کہا کہ عامر بھائی کی فتح کیلئے سب دعا کر رہے تھے جس کا نتیجہ انکو فتح کی صورت میں ملا ہے۔باکسر عامر کے والد شاہ خان نے کہا کہ عامر نے 12 رانڈز کی تیاری کی ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ فائٹ کے دوران عامر کی کارکردگی بہت اچھی رہی جس پر وہ بہت خوش ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ عامر خان کو ابھی مزید محنت کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عامر کی خواہش ہے کہ وہ ایک اور ورلڈ ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوں، اس مقصد کے حصول کیلئے مزید محنت کرنا ہوگی۔