بیگم کلثوم نواز نیک پارسا اور شفیق خاتون تھیں، ان کا انتقال شریف خاندان کیلئے بہت بڑا نقصان ہے۔ اعتزاز احسن

Published on September 11, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 246)      No Comments

لاہور (یواین پی) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنماءاعتزاز احسن نے بیگم کلثوم نواز کی صحت کے حوالے سے دئیے گئے سخت بیان پر معافی ْمانگتے ہوئے کہا ہے کہ بیگم کلثوم نواز نیک پارسا اور شفیق خاتون تھیں، ان کا انتقال شریف خاندان کیلئے بہت بڑا نقصان ہے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز ہارلے سٹریٹ کلینک میں انتقال کر گئیں جن کا جسد خاکی پاکستان لانے کیلئے انتظامات کئے جا رہے ہیں تاہم ایسے میں چوہدری اعتزاز احسن نے ان کی صحت کے حوالے سے دئیے گئے سخت بیان پر یہ کہتے ہوئے معافی مانگ لی ہے کہ ان کے بیان سے شریف خاندان کی دل آزاری ہوئی۔چوہدری اعتزاز احسن نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ بیگم کلثوم نواز کا علاج جس ہارلے سٹریٹ کلینک میں ہو رہا ہے وہ بھی شریف خاندان کی ملکیت لگتا ہے کیونکہ ان کے علاوہ وہاں اور کسی کو آتے جاتے نہیں دیکھا گیا جبکہ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ یہ کلینک کینسر کے مریضوں کیلئے نہیں ہے۔
بیگم کلثوم نواز کے انتقال کی خبر آنے کے بعد اعتزاز احسن نے اپنے اس بیان پر معافی مانگتے ہوئے کہا کہ بیگم کلثوم نواز ایک بڑی نیک پارسا اور شفیق خاتون تھیں جن کا انتقال شریف خاندان کیلئے بہت بڑا نقصان ہے۔ بیگم کلثوم نواز کی جمہوریت کیلئے گراں قدر خدمات تھیں اور وہ پرویز مشرف کے دور میں جواں مردی سے ڈٹی رہیں۔بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر شدید دکھ اور افسوس ہے جبکہ میری وجہ سے شریف خاندان کی دل آزاری ہوئی جس پر معافی مانگتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کچھ عرصہ قبل مجھے اظہار تاسف کا موقع بھی دیا گیا لیکن میں نے افسوس کا اظہار نہیں کیا جس پر مجھے بہت دکھ ہے۔

Readers Comments (0)




Weboy

Weboy