پشاور: (یواین پی) خیبر پختونخوا میں ڈینگی کے خطرات ایک بار پھر سر اٹھانے لگے، ماہرین نے اگلے دو ماہ ڈینگی کے لئے پیک سیزن قرار دے دیا، ماہرین کے مطابق جولائی سے نومبر تک بارشوں کے باعث درجہ حرارت کمی ہوتی ہے جو کہ ڈینگی کی افزائش کے لئے انتہائی موزوں ہے۔دوسری طرف ڈپٹی کمشنر پشاور نے گھروں اور پبلک مقامات پر پانی جمع کرنے پر دفعہ 144 تو لگا دی لیکن اس پر عمل درآمد کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئے۔ حکومت کے زیرِ اہتمام پارکوں میں لگائے گئے فواروں میں جہاں مہینوں سے پانی جمع ہے، وہیں شہریوں کے مطابق نہ تو ڈینگی سے بچاؤ کا سپرے کیا جا رہا ہے نہ ہی دیگر اقدمات، جس سے ڈینگی کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔گزشتہ سال ستر سے زائد افراد ڈینگی وائرس کے ہاتھوں جاں بحق ہوئے جبکہ رواں سال اب تک ڈینگی وائرس کے 84 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔