لاہور(یواین پی)محرم الحرام کی آمد کے ساتھ ہی جہاں پورا عالم اسلام نواسہ رسولﷺ کی شہادت کے کرب میں ڈوب جاتا ہے۔ یوم عاشور کے موقع پر کالمسٹ اورنائب صدر (پنجاب) پاکستان گروپ آف جرنلسٹس عقیل خان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کیلیے حضرت امام حسین کی شہادت مشعل راہ ہے ، واقعہ کربلا کا ذکر آتے ہی آنکھیں خودبخود آبدیدہ ہوجاتی ہیں۔ اس سے بڑی قربانی اور کیا ہوسکتی ہے کہ امام عالی مقام حضرت امام حسینؓنے مٹھی بھر ساتھیوں کے ساتھ یزیدی لشکر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اپنے سامنے پیاروں کو شہید ہوتے دیکھتے رہے لیکن انھوں نے یزید کی حمایت نہ کی۔واقعہ کربلا ہمیں حق اور سچ پر ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔ عقیل خان نے کہا جتنی بڑی آفت کیوں نہ آجائے ہمیں حق وسچ کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے۔سچ پر ڈٹ جانے کی مثال واقعہ کربلا سے پوری دنیا میں کہیں نہیں مل سکتی۔ یہی وجہ ہے کہ غم شہادت حسینؓ تقریباً چودہ صدیاں گزر جانے کے بعد بھی مسلم امہ کے دلوں میں پہلے روز کی طرح زندہ ہے۔ یہ وہ واقعہ ہے جس کی روشنی میں اگرآج امت مسلمہ اپنی زندگی کاطرزعمل اپنا لے توپھردنیا کی کوئی طاقت ہمارے سامنے کھڑی نہیں ہوسکتی۔تاریخ گواہ ہے کہ مغرب میں جواصول زندگی اپنائے گئے ہیں، وہ دراصل مسلمانوں کے ہیں۔ ہمیں اس عظیم قربانی کے فلسفے سے سبق سیکھنا چاہیے اوراپنی زندگیوں میں سدھارلانے کیلیے حق اورسچ کیساتھ کھڑا ہوناچاہیے ۔