اسلام آباد(یواین پی)سابق وزیراعظم نوازشریف کیخلاف احتساب عدالت میں العزیزیہ ریفرنس کی سماعت جاری ہے،قائد ن لیگ عدالت پیش نہیں ہو سکے، عدالت نے 5 روز ہ استثنیٰ کی درخواست جزوی طور پر منظور کرتے ہوئے 3 روز کا استثنیٰ دیدیا۔تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک سابق وزیراعظم نوازشریف کیخلاف العزیزیہ ریفرنس کی سماعت کر رہے ہیں،سابق وزیراعظم نواز شریف عدالت میں پیش نہ ہوئے،نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے عدالت کے رو برو موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال کی وجہ سے نوازشریف صدمے میں ہیں ،انہیں سنبھلنے کیلئے وقت درکار ہے ،عدالت سے استدعا ہے کہ انہیں 5 روز کا استثنیٰ دیا جائے۔احتساب عدالت نے نوازشریف کی 5 روز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جزوی طور پر منظور کرتے ہوئے 3 دن کا استثنیٰ دیدیا،نوازشریف کی جگہ ابراہیم ایڈووکیٹ نمائندہ مقرر کردیا گیا،نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا پر جرح جاری رکھیں گے ۔