اسلام آباد: (یواین پی) وزیرِ خزانہ اسد عمر نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایل پی جی سلنڈر پر ٹیکس کم کیا جو غریب کی پہنچ میں ہے جبکہ یوریا پر پہلے ہی سبسڈی دے چکے ہیں۔قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ لیڈر آف اپوزیشن شہباز شریف نے جو اعداد وشمار بتائے وہ ان کو کسی اور نے بتائے ہونگے، گیس کی قیمت میں اضافے سے عام صارف متاثر نہیں ہو گا۔ ہم نے ایل پی جی سلنڈر پر ٹیکس کم کیا جو غریب عوام استعمال کرتی ہے، گیس کی قیمتوں میں اضافے کا اثر کسان پر نہیں پڑنے دیں گے۔وزیرِ خزانہ اسد عمر نے کہا کہ گیس کے شعبے میں 154 ارب روپے کا خسارہ ہے جو پچھلی حکومت نے کھڑا کیا، غریب عوام سلنڈر خریدتا ہے جس پر تیس فیصد ٹیکس لگا ہوا تھا جسے ہم نے کم کر کے 10 فیصد کر دیا ہے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ کھاد کی قیمت 1200 سے 1750 پر پہنچی، اس کا ذمہ دار کون ہے؟ موجودہ حکومت کاشتکاروں کے ریلیف کیلئے 6 سے 7 ارب روپے سبسڈی دے گی۔ 6 لاکھ 35 ہزار ٹن یوریا برآمد کرنے کی اجازت دی دے گئی ہے۔اسد عمر کا کہنا تھا کہ روپے کی قدر میں کمی اور ڈالر کی قیمت میں اضافہ پچھلے 15 ماہ میں ہوا۔ ایکسپوٹر کے پاؤں پر کھڑے ہونے سے کشکول ٹوٹے گا، ملکی برآمدات میں اضافے سے قرضے میں کمی ہو گی۔انہوں نے بتایا کہ ان ڈائرئکٹ ٹیکس بڑی گاڑیوں کو استعمال کرنے والوں پر یا مہنگے موبائل استعمال کرنے والوں پر لگائے گئے، اپوزیشن کی تجویز کو دیکھتے ہوئے نان فائلر کے حوالے سے عمل کرے گی۔