ابوظہبی: (یواین پی) بنگلادیش کے 240 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن اپ بری طرح فلاپ ہوئی اور پوری ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز ہی بنا سکی.ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں سپر فور مرحلے کے چھٹے اور آخری میچ میں بنگلادیش کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گیا۔ بنگلادیش کے 240 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ ابتداء سے ہی مشکلات کی شکار رہی، پاکستان کو ابتدائی 2 اوورز میں فخر زمان اور بابر اعظم کی وکٹ سے محروم ہونا پڑا۔ اوپنر فخر زمان ایک بار پھر ناکام ہوئے اور صرف ایک رن بناکر مہدی حسن مراز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد بابر اعظم بھی زیادہ دیر کریز پر نہ رک سکے اور ایک رن بناکر مستفیض الرحمان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ تیسری وکٹ پاکستانی کپتان سرفراز احمد کی گری جو صرف 10 رنز بنا کر مستفیض الرحمان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی چوتھی وکٹ 85 کے مجموعی اسکور پر گری جب شعیب ملک بھی 30 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ پانچویں وکٹ 94 کے مجموعی سکور پر شاداب خان کی گری جو صرف 4 رنز بنا کر سومیا سرکار کا شکار بنے۔ چھٹی وکٹ آصف علی کی گری جو 165 کے مجموعی سکور پر 31 رنز بنا کر سٹمپ آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی ساتویں وکٹ 167 کے مجموعی سکور پر گری جب امام الحق بھی 83 رنز بنا کر محموداللہ کی گیند پر سٹمپ آوٹ ہو گئے۔ آٹھویں وکٹ حسن علی کی گری جو صرف 8 رنز بنا سکے۔ نویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد نواز تھے جو 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پوری ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز ہی بنا سکی. بنگلا دیش کی جانب سے مستفیض الرحمان نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل بنگلا دیش کی ٹیم کے کپتان مشرفی مرتضیٰ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو لیٹن داس اور سومیا سرکار نے اننگز کا آغاز کیا تاہم بنگال ٹائیگرز کی بیٹنگ لائن اپ ابتداء میں ہی مشکلات کا شکار ہو گئی۔ بنگلا دیش کی پہلی وکٹ 5 سکور پر گری جب سومیا سرکار بنا کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ دوسری وکٹ 12 کے مجموعی سکور پر مومن الحق کی گری جو 5 سکور بنا کر شاہین آفریدی کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوئے۔ تیسری وکٹ لٹین داس کی گری جو پانچویں اوور میں 6 سکور بنا کر جنید خان کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوئے۔12 رنز پر 3 کھلاڑیوں کے پویلین لوٹ جانے کے بعد مشفیق الرحیم اور محمد متھن نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سینچریاں سکور کیں اور ٹیم کا سکور 156 رنز پر پہنچا دیا ہے۔ چوتھی وکٹ محمد متھن کی گری جو 60 رنز بنا کر حسن علی کا شکار بنے۔ بنگلا دیش کو پانچواں نقصان 37 ویں اوور میں اٹھانا پڑا جب عمرال کیس کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 9 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ چھٹی وکٹ مشفیق الرحیم کی گری، وہ صرف ایک رن کی کمی سے سینچری نہ بنا سکے۔ بعدازاں مہدی حسن بھی صرف 12 سکور کرکے پویلین لوٹ گئے۔ آٹھویں وکٹ 230 کے مجموعی سکور پر محمود اللہ کی گری جو 25 کے انفرادی سکور پر جنید خان کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوئے۔ بنگلادیش کی نویں وکٹ 239 کے مجموعی اسکور پر گری جب روبیل حسین ایک رن بناکر رن آؤٹ ہوگئے جبکہ اس کے بعد مشرفی مرتضیٰ بھی 13 رنز بناکر حسن علی کا شکار بن گئے۔ اختتامی اوورز میں پاکستانی باولرز نے شاندار باولنگ کی، جس کی بدولت بنگلا دیش کی ٹیم 239 رنز تک ہی محدود ہو گئی اور اس کے تمام کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کی جانب سے جنید خان نے 4، شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے دو دو جبکہ شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔