اسلام آباد (یواین پی) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے نیب کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے چیئرمین نیب کو اپنے چیمبر میں طلب کرلیا۔سپریم کورٹ میں ایک کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے نیب کی کارکردگی پر سوالات اٹھادیے۔ انہوں نے اپنے ریمارکس میں کہا نیب سوائے آنے جانے کے کر ہی کیا رہا ہے ؟ نیب کوئی ایک کیس بتائے جو منطقی انجام تک پہنچایا ہو، قوم کو علم ہونا چاہیے کہ خلاف ضابطہ تقرری کرنے والوں کے ساتھ کیا ہوا؟ نیب سے نتائج درکار ہیں نیب کا ڈھانچہ تبدیل کرنا ہوگا۔ نیب سے صرف تحقیقات اور ریفرنس دائر کرنے کی خبر آتی ہے، کیا نیب کا گند اب عدالت نے صاف کرنا ہے؟۔ سپریم کورٹ نے چیئرمین نیب کو طلب کرلیا، چیئرمین نیب کو چیف جسٹس کے چیمبر میں طلب کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اس وقت سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس (ر) جاوید اقبال نیب کے چیئرمین ہیں جبکہ ان سے قبل اس عہدے پر قمر زمان چوہدری متمکن تھے۔ پاناما کیس کی ابتدائی سماعت 5 رکنی بینچ نے کی تھی جبکہ 20 اپریل کے فیصلے کے بعد یہ کیس تین رکنی بینچ نے سنا تھا، اس دوران قمر زمان چوہدری کے ہاتھ ہی نیب کی باگ ڈور تھی۔ جس وقت پانچ رکنی بینچ پاناما کیس سن رہا تھا تو اس وقت جسٹس شیخ عظمت سعید نے اپنے ریمارکس میں کہا تھا کہ نیب وفات پاچکا ہے۔