ممبئی(یواین پی)بالی ووڈ کی اداکارہ تنوشری دتہ کی جانب سے لگائے گئے جنسی ہراسانی کے الزام پر نانا پاٹیکر نے قانونی جنگ لڑنے کا فیصلہ کرلیا۔تنوشری دتہ نے گزشتہ روز نانا پاٹیکر پر الزامات عائد کیے تھے کہ انہوں نے 10 سال قبل فلم ’ہارن اوکے پلیز‘ کی شوٹنگ کے پہلے روز سے ہی نازیبا حرکتیں شروع کردی تھیں اور انہیں کئی بار جنسی طور ہر ہراساں کرنے کی کوشش کی جس کے بعد انہوں نے وہ فلم چھوڑ دی تھی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نانا پاٹیکر کا خود پر لگے الزام کی تردید کرتے ہوئے کہنا ہے کہ پہلے تو مجھے یہ سمجھا دیں کہ جنسی ہراسگی کا مطلب کیا ہے کیوں کہ درحقیقت اُس وقت فلم کے سیٹ پر 100 سے زائد لوگ میرے ساتھ موجود تھے۔نانا پاٹیکر نے کہا کہ ’مجھے اب دیکھنا ہے کہ میں اس معاملے پر قانونی طور پر کیا کچھ کرسکتا ہوں کیوں کہ میڈیا سے بات کرنا میرے لیے وقت برباد کرنے کے مترادف ہے کیوں کہ تمام میڈیا اس معاملے پر اپنی طرف سے کچھ بھی کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ جو سمجھتے ہیں وہ کہتے رہیں میں اپنا کام کرتا رہوں گا۔