ْٓاوکاڑہ ( یو این پی)ڈپٹی کمشنررضوان نذیر نے کہا ہے کہ یکم اکتوبر سے ہفتہ اطفال ،بریسٹ فیڈنگ اور غذائیت سے متعلق ہفتہ آگاہی کے انعقاد کے سلسلہ میں تمام اقدامات مکمل کر لئے گئے ہیں ضلع بھر میں ہیلتھ ورکرز ،محکمہ صحت کی ٹیمیں ماں کے دودھ کی افادیت اور اہمیت کے حوالے سے گھر گھر جا کر آگاہی دیں گی اور ضلع بھر میں غذائی کمی کے شکار بچے اور حاملہ خواتین کی تشخیص اور علاج کے لئے مفت ادویات فراہم کی جائیں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی آر ایم این سی ایچ کے زیر اہتمام یکم اکتوبر تا 6اکتوبر بریسٹ فیڈنگ اور غذائیت کے حوالے سے منعقد ہونے والے ہفتہ آگاہی کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عبد المجید ،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر مہر محمد ارشاد ،ڈسٹرکٹ کو آرڈنیٹر محمد عمران ،مانیٹرنگ آفیسر افضل کمیانہ سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسرا ن،این جی اوز کے نمائندوں ،صحافیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔اجلا س کو بتایا گیا کہ یکم اکتوبر سے شروع ہونے والے آگاہی ہفتہ کے سلسلہ میں (آج) بروز پیریکم اکتوبر کو بلدیہ ہال اوکاڑہ میں ”ماں بچے کی صحت اور ہماری ذمہ داریاں”کے حوالے سے ایک سیمینار منعقد کیا جائے گا جس میں عوام الناس کو ماں بچے کی صحت اور غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے حوالے سے آگاہی دی جائے گی ۔ڈپٹی کمشنر رضوان نذیر نے محکمہ صحت کے افسران اور فیلڈ عملہ کو ہدائیت کی کہ اس ہفتہ کا کامیاب بنانے کے لئے پنجاب حکومت نے جو گائیڈ لائن وضع کی ہے اس پر سختی سے عمل در آمد کروایا جائے اور عوام کو صحت کے حوالہ سے ممکنہ سہولیات ان کی دہلیز تک بہم پہنچائی جائیں۔