لاہور: (یواین پی) بھارت کے معروف ٹی وی چینل ‘اسٹار پلس’ کے مشہور ڈرامے ‘یہ ہے محبتیں’ میں اہم کردار ادا کرنے والی اداکارہ نیرو اگروال کی اچانک موت پر ان کی ساتھی اداکارائیں صدمے میں آگئیں۔ نیرو اگروال کی موت کی خبر بھارت کے ایک معروف موسیقار اور وائلن اسٹار بالا بھاسکر کی موت کے چند گھنٹوں بعد سامنے آئی۔بالا بھاسکر کی موت کی خبر سامنے آنے کے چند گھنٹے بعد ہی اچانک خبر آئی کہ ٹی وی کی معروف اداکارہ نیرو اگروال بھی ایک ہفتے تک بخار سے جنگ لڑنے کے بعد چل بسی۔انڈیا ٹوڈے نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ نیرو اگروال گزشتہ ایک ہفتے سے بخار میں مبتلا تھیں اور انہوں نے تمام سرگرمیاں معطل کردی تھیں۔ساتھی اداکارہ کی اچانک موت پر ان کے ساتھ ‘یہ ہے محبتیں’ میں کام کرنے والی ساتھی اداکارائیں اور دیگر شوبز شخصیات صدمے میں نظر آئیں اور لوگوں نے سوشل میڈیا پر ان کی موت پر افسوس کا اظہار کیا۔ نیرو اگروال نے ‘یہ ہے محبتیں’ میں نیلو کا کردار ادا کیا۔ نیرو اگروال نے اس ڈرامے کے علاوہ بھی دیگر چند بھارتی ڈراموں میں کردار ادا کیے، تاہم انہیں شہرت ُیہ ہے محبتیں’ سے ملیں۔ڈرامے کی مرکزی اداکارہ دیویانکا ترپیاٹھی(ایشیتا)نے اداکارہ نیرو کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کاش ہم دونوں ایک ساتھ مزید وقت گزار سکتے۔ تمہارے اچانک چلے جانے سے مجھے احساس ہوگیا کہ یہ دنیامحبت کے لیے بہت چھوٹی ہے۔