لاہور: (یواین پی) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار کر لیا گیا، کیس آگے کیا رخ اختیار کرے گا یہ بات قبل از وقت ہے تاہم ایک اور جمعہ شریف خاندان پر بھاری نکلا ہے۔نیب نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کو آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں پکڑ لیا۔ جمعے کے دن شریف خاندان پر پڑنے والی یہ پہلی مشکل نہیں بلکہ شہباز شریف کی گرفتاری سے پہلے بھی کئی فیصلے جمعے کے روز ہی آ چکے ہیں۔اس سے قبل ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ جمعہ چھ جولائی دوہزار اٹھارہ کو سنایا گیا جب عدالت نے نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اورداماد کیپٹن قید کی سزا کا حکم سنایا۔ اس کے بعد سپریم کورٹ نے سابق وزیر ِاعظم نواز شریف کی نااہلی کا فیصلہ جمعہ 28 جولائی 2017 کو سنایا۔آرٹیکل 62 ون ایف کی تشریح سے متعلق فیصلہ بھی جمعہ تیرہ اپریل دو ہزار اٹھارہ کو سنایا گیا، اس کیس میں نوازشریف تاحیات نااہل قرار پائے، اس سے پہلے اصغر خان کیس میں نوازشریف اور دیگر کیخلاف تحقیقات کا حکم بھی انیس اکتوبر 2012 بروز جمعے کو ہی جاری ہوا۔