دبئی: (یواین پی) کینگروز کیخلاف پہلے ٹیسٹ کیلیے پاکستان نے 12 کھلاڑیوں کا انتخاب کر لیا ہے۔ منتخب کھلاڑیوں میں محمد حفیظ، امام الحق،اظہر علی،حارث سہیل، اسد شفیق،بابر اعظم، سرفراز احمد،یاسر شاہ، بلال آصف،محمد عباس، وہاب ریاض اور میر حمزہ شامل ہیں۔دبئی میں کپتان سرفراز احمد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پچ کو دیکھتے ہوئے وہاب ریاض اور میر حمزہ میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ میں کارکردگی ماضی کی بات ہوگئی، آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ نیا میچ اور نیا چیلنج ہوگا،ہمیں طویل فارمیٹ کے مزاج کو پیش نظر رکھتے ہوئے مثبت کرکٹ کھیلنا ہوگی، یواے ای میں کینگروز کیخلاف گزشتہ سیریز میں پاکستان کو مصباح الحق اور یونس خان کی خدمات حاصل تھیں،اس بار نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں پر انحصار کرنا ہوگا،مہمان ٹیم کو کمزور خیال نہیں کیا جاسکتا ہمیں بہترین کرکٹ کھیلنا ہوگی،امید ہے کہ سیریز جیتنے میں کامیاب ہوں گے۔