انقرہ: (یواین پی) ترک میڈیا کے مطابق صدر طیب اردگان نے اپنی جماعت کے 27 ویں مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترکی کا اقتصادی اشاریہ بہت سے ممالک سے زیادہ اچھی سطح پر ہے اس لیے عالمی مالیاتی فنڈز کے کھاتے کا رجسٹر ہمیشہ ہمیشہ کے لیے بند کردیا گیا۔صدر طیب اردگان کا مزید کہنا تھا کہ ترک معیشت اپنے پیروں پر کھڑی ہو چکی ہے اور اب ترکی کو آئی ایم ایف سے قرضہ لینے یا کسی قسم کی تکنیکی امداد کی ضرورت ہی نہیں رہی ہے۔ یہ قوم کے اعتماد اور پوری حکومتی ٹیم کی مشترکہ اور انتھک کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ترک دارالحکومت استنبول کے سعودی قونصل خانے میں لاپتہ ہوجانے والے سعودی صحافی جمال خشگوی کے حوالے سے مثبت پیشرفت کی امید ظاہر کرتے ہوئے صدر طیب اردگان کا کہنا تھا کہ لاپتہ صحافی سے متعلق تحقیقات کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہا ہوں۔