لاہور(یواین پی)صوبہ بھر کے سکول و کالجز میں موبائل فون کے منفی اثرات پر تعلیم دینے کے لیے ایک گھنٹہ کا پریڈ مختص کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع،قرارداد مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی میاں نصیر احمد کی جانب سے جمع کرائی گئی۔ مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی میاں نصیر احمد نے موبائل فون بڑھتے اور منفی استعمال کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرار داد جمع کراتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ صوبہ بھر کے سکول و کالجز میں موبائل فون کے منفی اثرات پر تعلیم دینے کے لیے ایک گھنٹہ کا پریڈ مختص کیا جائے۔پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ موبائل فون کا منفی استعمال ملک میں معاشرتی برائیاں پیدا کر رہا ہے،بچوں کے اندر بھی اس کے بےجا استعمال سے بے شمار جسمانی اور ذہنی بیماریاں جنم لے رہی ہیں جبکہ موبائل فون کے استعمال سے بچوں کی تعلیم حاصل کرنے کی استعداد بھی متاثر ہورہی ہے۔قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ سکولوں اور کالجوں میں ایک گھنٹہ موبائل فری آور کے طور پر رکھا جائے جس میں بچوں کو موبائل فون کے منفی استعمال اور اثرات کی تعلیم دی جائے۔