اسلام آباد(یواین پی ) میڈیا میں اس وقت خبریں گردش کر رہی ہیں کہ آصف علی زرداری حکومت کے خلاف قرار دداد لانے اور اپوزیشن کے مشترکہ لائحہ عمل کیلئے سرگرم ہو گئے ہیں اور اس حوالے سے جب حامد میر نے ٹویٹر پر سوال پوچھا تو آگے سے فواد چوہدری میدان میں آ گئے اور انتہائی حیران کن جواب دے دیا ۔تفصیلات کے مطابق حامد میر نے ٹویٹر پر جاری پیغام میں کہا کہ ”کیا آصف زرداری کی طرف سے حکومت کے خلاف اسمبلی میں قرارداد لانے کی بات قبل از وقت ہے یا ٹھیک ہے؟“۔ جس پروفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ”زرداری صاحب سیاستدانوں کی بجائے وکلاءسے ملاقاتوں کو ترجیح دیں، اس مفت مشورے کا احساس ان کو ہفتوں میں نہیں دنوں میں ہوگا۔ قراردادوں سے حکومتیں نہیں جاتیں اس کیلئے ووٹ چاہئیں، زرداری صاحب کے پاس اب صرف نوٹ رہ گئے ہیں ووٹ وہ نوٹ کمانے کے چکر میں کھو چکے ہیں۔اس کے علاوہ فواد چوہدری نے وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے ٹویٹر پر لکھا کہ ” سعودی عرب میں جو احترام وزیر اعظم عمران خان کو ملتا ہے وہ ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے آج مسلم امہ میں پاکستان کا کیا مقام ہے اور عمران خان کو مسلم امہ کیا اہمیت دیتی ہے۔ ریاض میں چند گھنٹے ہی سو سکے اور اب ایک انتہاءمصروف دن منتظر ہے۔