اسلام آباد: (یواین پی) سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنے خلاف قومی احتساب بیورو(نیب ) میں زیر سماعت ریفرنسز میں پیشیوں کی سنچری مکمل کر لی۔تین ریفرنسز میں نامزد ملزم سابق وزیراعطم نواز شریف کو ایک ریفرنس میں سزاسنائی جاچکی ہے جبکہ 2دیگر ریفرنسز کا ٹرائل آخری مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی سابق وزیراعطم کو کرپشن کے الزامات پر ٹرائل کے دوران اتنی مرتبہ عدالت میں پیش ہونا پڑ رہا ہے۔چھ جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سنائے جانے تک نوازشریف نے احتساب عدالت نمبر ایک کے جج محمد بشیر کے روبرو 70 بار حاضری دی اور 70 میں سے 65 پیشیوں کے موقع پر ان کی بیٹی مریم نواز بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ احتساب عدالت نمبر دو میں اب تک نواز شریف کے خلاف ریفرنسز کی 43 سماعتیں ہوچکی ہیں جن میں سے 30سماعتوں کے دوران وہ کمرہ عدالت میں موجود رہے۔