لاہور: (یواین پی) وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کے محاذ پر پارلیمانی قیادت کو جلد معاشی بحران سے نکلنے کی نوید سناتے ہوئے کہا ہے کہ انشا اللہ جلد معاشی حالات بہتر ہوں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے پنجاب پارلیمانی پارٹی کو یقین دہانی کرائی کہ پریشان ہوں اور نہ ڈرنے کی ضرورت ہے، اپوزیشن کے پاس حکومت مخالف احتجاج کے لئے کوئی اخلاقی جواز نہیں ہے۔عمران خان نے کہا کہ میں سعودی عرب کے بعد چین جا رہا ہوں، قرض نہیں بلکہ پاکستان میں سرمایہ کاری لائیں گے۔وزیراعظم کی جانب سے پنجاب میں مسافر خانوں کے منصوبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا گیا کہ وزیراعلی پنجاب کا صوبے کے مختلف اضلاع میں سائبان فراہم کرنے کا منصوبہ اچھا ہے۔انہوں نے تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف حکومت پنجاب کے آپریشن کی بھی تعریف کی اور کہا کہ آپریشن میں بڑے بڑے لوگوں پر ہاتھ ڈالا جا رہا ہے، غریب لوگوں کو تنگ نہیں کرنا۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کے وزرا کو خبردار کرتے ہوئے صاف بتا دیا ہے کہ جو کام نہیں کرے گا، وہ گھر جائے گا۔ ہمیں عوام کو ڈیلیور کرنا ہے، اپوزیشن کا کام تنگ کرنا ہے، ہم نے ترجیحات کا تعین کر کے عوام کی خدمت کرنی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے لاہور کا مختصر دورہ کیا، گورنر ہاؤس پہنچنے پر چودھری محمد سرور نے ان کا استقبال کیا۔ ایوان وزیرِاعلیٰ میں وزیراعظم سے وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی۔وزیرِاعلیٰ نے 100 روزہ پلان پر عمل درآمد اور ہاؤسنگ منصوبے پر پیش رفت پر اعتماد میں لیا۔ وزیراعظم سے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی نے بھی ملاقات کی اور پنجاب کی اتحادی حکومت اور پارلیمانی امور پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم نے پارٹی کے ارکان پنجاب اسمبلی اور صوبائی وزراءسے بھی خطاب کیا۔ وزیراعظم نے وزرا کو صاف بتا دیا کہ کارکردگی دکھانا ہو گی، اگلے 60 روز مانیٹرنگ ہو گی، کام نہ کرنے والا گھر جائے گا۔وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید نے بعد ازاں بریفنگ میں بتایا کہ وزیرِاعظم نے نادار لوگوں کی بھرپور خدمت کی ہدایت کی ہے۔ میاں محمود الرشید نے بتایا کہ وزیراعظم نے بیوروکریسی کے حوالے سے بھی حکومتی لائحہ عمل واضح کر دیا ہے۔وزیراعظم کے دورہ لاہور کے موقع پر جہانگیر ترین بھی متحرک نظر آئے اور ایک عرصہ خاموشی کے بعد دوبارہ حکومتی ایوانوں میں شانہ بشانہ رہے۔