اسلام آباد (یواین پی)حکومت نے عوام پر پٹرول بم گراد یا ، پٹرول کی قیمت میں 5روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 6روپے 37پیسے اضافہ کردیا گیاہے ۔میڈیا کے مطابق اوگرا کی سفارش پر پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیاہے ،وزارت خزانہ کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی حتمی منظوری دیتے ہوئے پٹرول کی قیمت میں5روپے فی لٹر ، ڈیزل کی قیمت میں 6روپے 37پیسے فی لٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 6روپے 48پیسے اضافہ کردیا گیا ہے ،مٹی کاتیل 3روپے فی لٹر مہنگا کیا گیاہے ۔ پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 97روپے 83پیسے ، ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 112روپے 94پیسے ، مٹی کے تیل کی نئی قیمت 86روپے 50پیسے ، لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 82روپے 44پیسے ہوگئی ہے ۔