اسلام آباد: (یو این پی) حکومت نے سردیوں میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے ایل پی جی گیس سستی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اوگرا نے نومبر میں ایل پی جی کی قیمت میں 15 روپے کمی کا اعلان کر دیا ہے۔عوام کے لئے بڑی خبر، اوگرا نے ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا، اب ایل پی جی فی کلو 142 روپے کی بجائے 15 روپے کمی کے بعد ایک سو ستائیس روپے فی کلو میں فروخت ہو گی۔گھریلو سیلنڈر 165 روپے کمی کے بعد 1509 روپے جبکہ صنعتی سلنڈر 672 روپے سستا ہو کر 5805 روپے کا ہو گیا ہے۔ اوگرا اعلامیہ کے مطابق قیمتوں میں کمی کا اطلاق یکم نومبر سے ہی ہو گا۔ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے مطابق حکومت کی بہتر پالیسی اور کامیاب حکمت عملی سے ایل پی جی کی قیمتوں میں حیرت انگیز کمی ہوئی، اب سردیوں میں غریب صارفین کو سستے داموں وافر گیس میسر رہے گی۔ ایل پی جی ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکر کے مطابق زیادہ قیمت پر ایل پی جی فروخت کرنے والے ڈسٹری بیوٹرز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔