اسلام آباد (یواین پی )وفاقی حکومت نے جلد دو روزہ ختم نبوت عالمی کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کرلیا ، وزیرِ اعظم عمران خان نے علما اور مشائخ کے ساتھ خود رابطے میں رہنے کا بھی فیصلہ کیاہے ۔تفصیلات کے مطابق منگل کو وزیرِ اعظم عمران خان کے زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیرِ مذہبی امور نور الحق اور دیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس میں نور الحق نے وزیرِ اعظم کو ملک کی موجودہ صورتِ حال پر بریفنگ دی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ مدینے کے طرز پر ریاست کے قیام کے لیے علمائے کرام کی مشاورت ضروری ہے۔وزیرِ مذہبی امور کے ساتھ ملاقات میں وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم پر امن اسلام کے تصور کو دنیا کے سامنے پیش کرنا چاہتے ہیں۔دریں اثنا وزیرِ اعظم نے 12 ربیع الاول شایان شان طریقے سے منانے کا اعلان کر دیا، ان کا کہنا تھا کہ 12 ربیع الاول کے سلسلے میں صوبوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔اس موقع پر وفاقی وزیرِ مذہبی امور نے کہا کہ اسلام آباد میں 2 روزہ ختمِ نبوت عالمی کانفرنس میں علمائے اکرام حضورﷺ کی سیرتِ مبارکہ پر روشنی ڈالیں گے۔نور الحق قادری نے کہا کہ امامِ کعبہ، جامعہ الازہر کے وائس چانسلر اور مختلف ممالک کے علما کانفرنس میں شریک ہوں گے، عراق اور تیونس کے علمائے کرام بھی آئیں گے۔وزیرِ مذہبی امور کا کہنا تھا کہ اتحادِ امت اور بین المذاہب ہم آہنگی کی مہم کو تیز کیا جائے گا، تحقیقی اور تصنیفی کام کو حکومتی سرپرستی میں فروغ دیا جائے گا۔ اعلامیہ میں کہاگیا کہ ملک گیر مشائخ کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیاگیا ہے ۔ تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چودھری نے کہاکہ مشائخ کانفرنس کی تاریخ اور وقت کا اعلان جلد کیا جائے گا،انہوں نے کہاکہ مشائخ کانفرنس جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں کی جائے گی، اعجاز چودھری نے بتایاکہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کانفرنس کی صدارت کریں گے ۔