یمن تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں، وزیراعظم عمران خان

Published on November 8, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 125)      No Comments


اسلام آباد: (یواین پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یمن کا امن و استحکام علاقائی امن کیلئے انتہائی ضروری ہے، تمام فریقین بات چیت کی راہ اپنائیں۔وزیراعظم عمران خان سے یمن کے سفیر محمد مطاہرال آشابی نے ملاقات کی جس میں خطے خصوصاً یمن کی صورتحال پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ملاقات کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یمنی سفیر نے قیادت کی جانب سے عمران خان کو وزیراعظم بننے پر مبارکباد کا پیغام دیا اور حکومت کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔سفیر کا کہنا تھا کہ یمن پاکستان کو خوشحال ترقی کرتا ہوا دیکھنا چاہتا ہے۔ یمنی سفیر نے وزیراعظم کو یمن کی تازہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے یمن میں پائیدار امن اور تشدد کے جلد خاتمے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سلامتی کونسل کی قرارداد کی روشنی میں تنازع کے جلد حل کی حمایت جاری رکھے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان صدر عبدالرب منصور ہادی کی قانونی حکومت کی بحالی کے لیے حمایت جاری رکھے گا اور تنازع کے سیاسی حل کے لیے تمام فریقین کو ایک موقف پر لانے کے لیے کردار ادا کرے گا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ یمن میں کا امن و استحکام علاقائی امن کے لیے ضروری ہے، یمن کے تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں، تمام فریقین بات چیت کی راہ اپنائیں۔ان کا کہنا تھا کہ یمن میں قحط کا شکار افراد کی انسانی بنیادوں پر مدد کی جانی چاہیے، یمن کے عوام کی مشکلات دور کرنے اور محفوظ واپسی کے لیے عالمی سطح پر مربوط اور موثر کوششیں ہونا چاہیں۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Free WordPress Theme