اسلام آباد(یواین پی ) وفاقی وزیر قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم نے کہاہے کہ ان کی وزارت نے اپنے 100 روز کے ایجنڈے پر تین ہفتے قبل ہی کام مکمل کر لیا اور ‘وسل بلور’ قانون کا مسودہ اور پورا قانونی پیکج تیار کرلیا گیا ہے، وزیر اعظم عمران خان کو پورے قانونی پیکیج پر بریفنگ دی جاچکی جس کا وہ جلد افتتاح کریں گے۔۔ بدھ کوبیرسٹر فروغ نسیم نے وزارت قانون کے 100 روزہ ایجنڈے کے حوالے سے خصوصی پیغام میں کہا کہ ‘100 دن کے حوالے سے گزشتہ رات کو کام مکمل کر لیا اوراس حوالے سے وزیر اعظم سیکریٹریٹ میں بریفنگ بھی دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ‘وسل بلور قانون لایا گیا ہے، ویمن ایکشن پلان ایک بھرپور چیز ہے جس پر کام ہوا ہے جبکہ وراثت کے حوالے سے طریقہ کار کو تبدیل کر کے نادرا سے تصدیق کروائی جائے گی، اس معاملے میں 7 سے 8 سال لگتے ہیں اب یہ 15 دن میں مکمل کیا جاسکتا ہے۔بیرسٹر فروغ نسیم نے بتایا کہ ‘لیگل اسسٹنس (قانونی معاونت) کا ایک بل 9 سال سے زیر التوا تھا جس پر کام کیا گیا ہے، سرکاری کمپنیوں کی اسٹراٹیجی تمام متعلقہ اداروں کو دی جاچکی ہے جبکہ سرکاری ملازمین کے لیے ایک بھرپور قانون تیار کر لیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ‘لیگل ایڈ جسٹس اتھارٹی قائم کی گئی ہے جو پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو قانونی معاونت دے گی، ایک اچھے پینل سے وکیل دیا جائے گا اور اگر کسی کا جرمانہ یا ضمانت کی رقم ہے تو اس کو کس طرح ریلیف دیا جائے یہ بھی اس اتھارٹی کی ذمہ داریوں میں شامل ہوگا۔وزیر قانون کا کہنا تھا ‘خواتین کے حقوق سے متعلق وفاق اور چاروں صوبوں کے محتسب سے کام لیا جائے گا، سول طریقہ کار کو انگریز نے 20 سے 30 سال کی تحقیقات کے بعد بنایا، وزارت نے لارڈ وولف کے سول قوانین میں ترامیم تجویز کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو پورے قانونی پیکیج پر بریفنگ دی جاچکی ہے جس کا وہ جلد افتتاح کریں گے۔