ٹھٹھہ(رہورٹ: حمیدچنڈ) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ڈاکٹر عمران الحسن خواجہ نے کہا ہے کہ 12- ربیع الاول جشن عیدمیلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کا دن ایک مقدس اور بابرکت دن ہے اور سرکار دو عالم صلعم کی آمد کے موقع پر مسلمانان دین کی جانب سے حضور پاک کے شان و محبت کے اظہار اور دین و اسلام کی سر بلندی کے لئے عقیدت و احترام سے جلسے، جلوس و ریلیاں نکال کر شایان شان اور پرامن طریقے سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جشن عید میلادالنبی صلعم کے موقع پر تمام مطلوبہ انتظامات کی فراہمی نہ فقط ہماری انتظامی بلکہ ہمارے مذہبی فرائض میں بھی شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج دربار ہال مکلی میں 12- ربیع الاول جشن عیدمیلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کی مناسبت سے ضلع میں سیکیورٹی، صفائی ستھرائی و دیگر ضروری انتظامات کا جائزہ لینے کے موقع پر منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو سختی سے ہدایات دیں کہ 12- ربیع الاول جشن عیدمیلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں تمام مطلوبہ انتظامات جلد مکمل کئے جائیں تاکہ عبادت کرنے والوں کو کسی بھی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔ انہوں نے انہیں مزید ہدایت کی کہ وہ اس مقدس اور بابرکت دن کے موقع پر مساجد، جلسے و جلوس اور ریلیوں کی گذرگاہوں، روٹس اور گلیوں کی صفائی ستھرائی سمیت دیگر تمام مطلوبہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ عبادت کرنے والوں کو بہتر و صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول فراہم ہو سکے۔ انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اس دن کی مناسبت سے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافظ کرکے تمام ڈاکٹرز و عملے کی چھٹیاں منسوخ کریں اور جلسے و جلوسوں اور ریلیوں کی گذرگاہوں اور اسپتالوں میں ایمبولینسز و ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف سمیت تمام مطلوبہ ادویات کی موجودگی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں کسی بھی قسم کی کوتاہی اور غفلت میں ملوث ہونے والوں کو ہر گز بخش نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے حیسکو افسران کو بھی ہدایت کی کہ وہ 12- ربیع الاول جشن عیدمیلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر غیر ضروری لوڈ شیڈنگ سے گریز کریں تاکہ لوگوں کو پریشانی سے بچایا جا سکے۔ ڈاکٹر عمران الحسن خواجہ نے اجلاس میں موجود علماءکرام سے اپیل کی کہ وہ اس دن کو پرامن منانے کیلئے کسی بھی قسم کی شرانگیز تقاریر سے گریز کریں اور مذہبی رواداری کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ اس موقع پر علماءکرام اور مختلف متعلقہ محکموں کے افسران کی جانب سے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی۔ اس موقع پر ڈی ایس پی ہیڈکواٹر ٹھٹھہ سید افتخار شاہ نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 12- ربیع الاول جشن عیدمیلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے سیکیورٹی کے سخت اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس دن پر نکلے والے جلوس اور ریلیوں کو روٹس کے مطابق مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے 1289 پولیس اہلکار مقرر کئے جا رہےہیں جبکہ 42 موبائل اور 42 موٹر سائیکل ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں تاکہ کوئی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقع پیش نہ آ سکے۔ اجلاس میں پولیس، رینجرز اور مختلف متعلقہ محکموں کے افسران کے علاوہ مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے علماءکرام نے شرکت کی۔