لاہور: (یواین پی) رضوان سینئر ٹیم کی قیادت کریں گے، میگا ایونٹ 28 نومبر سے بھارت میں کھیلا جائے گا۔ہاکی ورلڈ کپ دو ہزار اٹھارہ کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا۔ رضوان سینئر کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ عمران بٹ اور مظہر عباس گول کیپنگ کے فرائض سرانجام دیں گے۔ عرفان سینئر اورعرفان جونیئر بھی اسکواڈ کا حصہ ہونگے۔کھلاڑیوں میں عماد بٹ، مبشر علی، علیم بلال، راشد محمود، تصور عباس، اعجاز احمد، عمر بھٹہ، فیصل قادر، علی شان، ابو بکر محمود، محمد عتیق، توثیق ارشد اور محمد زبیر شامل ہیں۔ لاہور میں قومی اسکواڈ کا اعلان دو روزہ ٹرائلز کے بعد کیا گیا۔کپتان رضوان سینئر کہتے ہیں کہ عالمی کپ کے لئے کھلاڑیوں کا حوصلہ بلند ہے۔سولہ ٹیموں پر مشتمل میگا ایونٹ 28 نومبر سے 16 دسمبر تک بھارت میں کھیلا جائے گا، آسٹریلوی ٹیم اعزاز کا دفاع کرے گی۔